پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات میں آج آخری روز 3 ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے تحت بڑی پیشرفت کا امکان ہے۔ آئی ایم ایف سے ایک ارب 10 کروڑ ڈالر کی قسط کیلئے اسٹاف لیول معاہدہ بھی متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملکی معیشت کیلئے پیر کو بڑی خبر ملنے کا امکان ہے، پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 1.1ارب ڈالرکی قسط کیلئےاسٹاف لیول معاہدہ متوقع ہے۔ مذاکرات کےآخری روز میمورنڈم آف اکنامک اینڈ فنانشل پالیسیزکے مسودے کو حتمی شکل دی جائےگی۔ شیڈول کےمطابق آئی ایم ایف مشن 18 مارچ تک پاکستان میں قیام کرے گا ۔
اسٹاف لیول معاہدہ طے پانے کی صورت میں آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ اپریل میں آخری قسط کی منظوری دے گا۔ آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے سالانہ اجلاس پندرہ اپریل سے واشنگٹن میں ہوں گے۔ وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب معاشی ٹیم کے ہمراہ اجلاس میں شریک ہوں گے۔ پاکستان کی جانب سے نئے اور بڑے قرض پروگرام کے لئے درخواست دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق مذکرات میں افسران کے اثاثے ڈیکلریشن اورصوبوں کےساتھ مذاکرات آج شیڈول ہے، وفد سے پنشن، تنخواہ، کلائمٹ فنانسنگ، مانیٹری پالیسی اورآئندہ بجٹ پربات ہوگی۔ آئی ایم ایف وفد صوبوں سے فسکل آپریشن، ڈیٹ، کموڈیٹی اسکیم پر مذاکرات کرے گا۔
وفد معاشی ٹیم سے ہیلتھ اینڈ ایجوکیشن اسپینڈنگ، ریونیو اقدامات پر مذاکرات کرے گا، فاریکس مارکیٹ، بجٹ پراسیس میں تبدیلیاں، ادارہ جاتی ریفارمز پرمذاکرات بھی شیڈول ہے۔ آئی ایم ایف سے آج مذاکرات مکمل نہ ہوئے تو منگل کو مختصر بات چیت کاامکان ہے۔
ذرائع کے مطابق دیگراقتصادی اقدامات سےآئی ایم ایف ابھی تک مذاکرات میں مطمئن ہے تاہم آئی ایم ایف مشن کی جانب سے ادارہ جاتی اصلاحات کاپراسیس سست ہونے پر عدم اطمینان کا اظہار کیا گیا، وفد نے ابھی تک ایکسٹرنل فنانسنگ کے روڈ میپ پرعدم اطمینان ظاہرکیا ہے۔