پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان مذاکرات کا کل آخری روز ہے۔ 3 ارب ڈالر کے اسٹینڈبائی ارینجمنٹ کےتحت بڑی پیشرفت متوقع ہے۔ آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ اپریل میں ایک ارب 10 کروڑ ڈالر کی آخری قسط کی منظوری دے گا۔
تفصیلات کے مطابق ملکی معیشت کیلئے پیر کو بڑی خبر ملنے کا امکان ہے۔ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 1.1ارب ڈالرکی قسط کیلئے اسٹاف لیول معاہدہ متوقع ہے۔ مذاکرات کے آخری روز میمورنڈم آف اکنامک اینڈ فنانشل پالیسیز کے مسودے کو حتمی شکل دی جائے گی۔ شیڈول کےمطابق آئی ایم ایف مشن 18 مارچ تک پاکستان میں قیام کرے گا۔
اسٹاف لیول معاہدہ طے پانے کی صورت میں آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ اپریل میں آخری قسط کی منظوری دے گا ۔ آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے سالانہ اجلاس 15اپریل سے واشنگٹن میں ہوں گے۔ وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب معاشی ٹیم کے ہمراہ اجلاس میں شریک ہوں گے۔ پاکستان کی جانب سے نئے اور بڑے قرض پروگرام کے لئے درخواست دی جائے گی۔