سعودی عرب، الجزائراور کویت تیل کی پیداوار میں رضاکارانہ کٹوتی کو مزید 3 ماہ تک توسیع دیں گے ۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق پیٹرول برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم (اوپیک ) اور کچھ غیر اوپیک ممالک پر مشتمل اوپیک پلس گروپ سے تعلق رکھنے والے سعودی عرب اور کویت نے تیل کی پیداوار میں مزید 3 ماہ کی کمی کا فیصلہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی وزارت توانائی کے ایک اہلکار نے بتایا ہے کہ کٹوتی کے عمل کو جون کے آخر تک بڑھا دیا گیا ہے اور یومیہ پیداوار 9 ملین بیرل تک رہے گی۔
الجزائر کی وزارت توانائی کے بیان میں بھی تیل کی پیداوار میں کمی کے بارے میں معلومات دی گئی ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ الجزائر تیل کی یومیہ پیداوار میں 51 ہزار بیرل کمی کرے گا اور یومیہ پیداوار 9 لاکھ 8 ہزار بیرل ہونے کی توقع ہے۔
کویت نیوز ایجنسی ‘کونا ‘ نے کہا ہے کہ کہ کویت کی جانب سے رضاکارانہ کٹوتی میں ماہ جون کے آخر تک توسیع کردی گئی ہے اور 1 لاکھ 35 ہزار بیرل کی کٹوتی کے بعد42 لاکھ 13 ہزار بیرل یومیہ تیل پیدا کیا جائے گا۔
دوسری جانب روس کے نائب وزیر اعظم الیگزینڈر نوواک نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ان کا ملک رواں سال کی دوسری سہ ماہی میں اپنی رضاکارانہ تیل کی پیداوار اور برآمدات میں 4 لاکھ 71 ہزار بیرل یومیہ کمی کرے گا۔