پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے وفاقی کابینہ کی تشکیل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی کابینہ کا فیصلہ جلد ہو جائے گا تاہم اس کا حجم مختصر ہی رکھا جائے گا،ابھی کچھ حتمی نہیں ہے کہ کس کو کون سی وزارت دی جائے گی، کابینہ اگر تین سیاسی جماعتوں پر مشتمل ہو گی تو ذمہ داری تقسیم ہو جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق خواجہ آصف کا کہناتھا کہ پیپلز پارٹی کا کابینہ میں شامل ہونا حکومت کے لیے اچھا شگون ہو گا،تین بڑے صوبوں سے سیاسی جماعتیں اگر کابینہ میں ہوں گی تو کابینہ اچھی ہوگی،وفاق میں تعلیم اور صحت جیسی وزارتوں کو صوبوں میں منتقل ہونا چاہیے اور کچھ وزارتیں صوبوں کو منتقل کرنے سے متعلق بلاول بھٹو کی تجویز کی حمایت کرتا ہوں جبکہ کراچی کی ضلعی حکومت مضبوط کرنے کے حوالے سے آئینی ترمیم ہونا چاہیے۔
ان کا کہناتھا کہ کراچی بڑا شہر ہے دنیا میں بڑے شہروں میں مضبوط مقامی حکومتیں ہیں،اتحادیوں کے بھی اتنے ہی مفادات ہیں جتنے ہمارے ہیں، اگر حکومت فیل ہو جائے تو اتحادیوں کو بھی اتنا ہی نقصان ہوتا ہے۔