پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے صدر اور سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پوری قوم قائد ( ن ) لیگ نواز شریف کا پاکستان واپسی پر فقیدالمثال استقبال کرے گی۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف طے شدہ پروگرام کے مطابق 21 اکتوبر بروز ہفتہ پاکستان تشریف لا رہے ہیں۔
شہباز شریف نے بتایا کہ تمام پارٹی رہنماؤں کیلئے ہدایت ہے کہ 21 اکتوبر سے قبل بیرون ملک سفر نہ کریں اور اپنی تمام تر توجہ عوامی موبلائیزیشن پر دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف سے لندن میں ملاقات کیلئے تشریف لانے والے پارٹی رہنما بھی اپنے پروگرام کینسل کریں، اور پارٹی قائد کے عظیم الشان استقبال کیلئے اپنے حلقوں میں وقت دیں۔
مسلم لیگ ( ن ) کے بیانیے سے متعلق سوال پر جواب دیتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے نواز شریف پاکستان کی تعمیر و ترقی کے معمار ہیں اور انہی کے دور میں پاکستان سے 20، 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ختم ہوئی۔
معاشی ترقی خوشحالی کا سفر شروع کرنے نواز شریف پاکستان واپس آرہے ہیں مسلم لیگ ن کے صدر @CMShehbaz نے پارٹی کا اگلے انتخابات کیلئے بیانیہ بتادیا pic.twitter.com/RuV2wFzoA5
— Azhar Javaid (@azharjavaiduk) September 25, 2023
انہوں نے کہا کہ زراعت پیلی ہوگئی تھی جو نواز شریف کے دور میں دوبارہ ہری ہو گئی، صنعتوں کی چمنیوں سے دھواں نکلنا بند ہو گیا تھا، وہ چلیں ، روز گار دوبارہ واپس آیا، ایکسپورٹس میں اضافہ ہوا اور اب نواز شریف اسی ترقی کو واپس لانے کے لئے اپنے پاکستان بھائیوں اور بہنوں میں واپس آرہے رہے ہیں اور ترقی اور خوشحالی کا سفر اب دوبارہ شروع ہوگا۔