وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کینسر کے مفت علاج کیلئے لاہور میں صوبے کا پہلا سرکاری ہسپتال بنانے کا اعلان کر دیا۔
نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز عوام کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے سرگرم ہیں اور اسی سلسلے میں انہوں نے صوبائی دارالحکومت کے علاقے ویلنشیاء ٹاؤن کے قریب پنجاب کا پہلا کینسر ہسپتال بنانے کا اعلان کیا ہے۔
پیر کے روز وزیراعلیٰ نے ویلینشیا ٹاؤن کا دورہ کر کے ہسپتال کی مجوزہ سائٹ کا جائزہ لیا اور بریفنگ بھی لی۔
مریم نواز کا کہنا تھا پنجاب کے پہلے سرکاری ہسپتال میں کینسر کے مریضوں کا مفت علاج ہوگا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ نے ہسپتال کیلئے دنیا بھر سے بہترین اسپیشلسٹ ڈاکٹر بلانے کی ہدایت بھی کی اور کہا کہ مریضوں کے تیمارداروں کیلئے ہوٹل بھی بنایا جائے گا۔
علاوہ ازیں مریم نواز نے پائلٹ گرلز سکول کا اچانک دورہ بھی کیا اور کلاس روم دیکھے جبکہ طالبات سے سکول میں درپیش مسائل اور ضروریات کے بارے میں دریافت بھی کیا۔
دورے کےدوران مریم نواز میٹرک کے امتحانی مرکز بھی گئیں اور انتظامات کا جائزہ لیا۔