سپریم کورٹ آف پاکستان نے عام انتخابات سے متعلق اہم کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے این اے 251 سے خوشحال خان کاکڑ کو کامیاب امیدوار قرار دے دیا۔ الیکشن کمیشن کو ان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دے دیا۔
کیس کی سماعت جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ درخواست گزار کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے مؤقف اختیار کیا کہ مقدمہ فارم 45 کے گرد گھومتا ہے اور دس پولنگ اسٹیشنز کے فارم پینتالیس اور فارم سینتالیس میں واضح فرق موجود ہے۔ ان کے مطابق ہر پولنگ اسٹیشن پر ان کے مؤکل کے سو ووٹ کم جبکہ مخالف امیدوار سید سمیع اللہ کے ووٹ بڑھائے گئے۔جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دیئے کہ جس نے بھی یہ فارمولا بنایا اس نے سو ووٹوں کا ہی بنایا۔ دوران سماعت آر او کے خلاف کارروائی سے متعلق قانون پر بھی بحث ہوئی جس پر الیکشن کمیشن کے وکیل نے بتایا کہ اس حوالے سے قانون میں مکمل باب موجود ہے۔






















