پاکستان مسلم لیگ ن نے سینئر رہنما اور سابق وزیر دفاع خواجہ آصف کو قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر نامزد کر دیا۔ جبکہ اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کے لئے ووٹ کاسٹ نہ کرنے والے لیگی ایم این اے نیلسن عظیم کو شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا۔
مسلم لیگ ن کےمرکزی صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے خواجہ آصف کو پارلیمانی لیڈر نامزد کرنے کی منظوری دی۔ پارٹی کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو خواجہ آصف کو پارلیمانی لیڈر کی حیثیت دینے کیلئے رسمی درخواست بھیج دی ہے۔
دوسری طرف نومنتخب لیگی رکن قومی اسمبلی نیلسن عظیم کو پارٹی نے شوکاز نوٹس جاری کردیا۔ سیکرٹری جنرل مسلم لیگ ن احسن اقبال نے7روز میں وضاحت طلب کرلی۔
شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آپ پارلیمانی پارٹی کے ممبر ہیں۔ آپ نے اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کے انتخابات میں حصہ نہیں لیا جو پارٹی ڈسپلن اور پالیسی کی خلاف ورزی ہے۔ سات روز میں مناسب جواب نہ ملنے پر ڈسپلنری کارروائی ہوگی۔