روانڈا میں 10 سے زائد افراد کو قتل کر کے گھر کے کچن میں دفن کرنے والے سیریل کلر کو گرفتار کر لیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق روانڈا کے دارالحکومت کیگالی میں ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا گیا ہے جس کے گھر سے 10 سے زائد افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں جنہیں ملزم نے اپنے کچن میں کھودے گئے ایک گڑھے میں دفنا رکھا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق 34 سالہ مشتبہ سیریل کلر نے تمام افراد کو قتل کر کے کیگالی کے مضافاتی علاقے کیکوکیرو میں اپنے کرائے کے گھر میں دفن کیا۔
مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ 10 سے زائد لاشیں ملی ہیں اور روانڈا انویسٹی گیشن بیورو (RIB) کے ایک ذریعے نے نام ظاہر نہ کرتے ہوئے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ مقتولین کی تعداد 14 ہے۔
بیورو کے ترجمان تھیری مرنگیرا نے اعداد و شمار کی تصدیق کرنے سے انکار کرتے ہوئے خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ حتمی تعداد کا تعین فرانزک انویسٹی گیشن سے کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ ملزم کو ابتدائی طور پر جولائی میں ڈکیتی اور دیگر جرائم کے علاوہ عصمت دری کے شبہ میں گرفتار کیا گیا تھا لیکن شواہد کی کمی کی وجہ سے اسے ضمانت دے دی گئی۔
تاہم، تحقیقات جاری رہیں اور اسے رواں ہفتے دوبارہ گرفتار کر لیا گیا اور اس کے گھر کی تلاشی لی گئی جس کے نتیجے میں اس کے کچن کے اندر موجود ایک گڑھے میں سے لاشیں برآمد ہوئیں۔
بیورو حکام کے مطابق ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے مشہور سیریل کلرز کو دیکھ کر قتل کرنا سیکھا اور اس نے چند مقتولین کو تیزاب میں بھی ڈالے رکھا۔
ملزم اپنے شکاروں کا تعاقب کرنے سے پہلے ان کے بارے جانکاری حاصل کرتا تھا اور عام طور پر ان لوگوں کو اپنا شکار بناتا تھا جن کے تلاش کرنے والے نہیں ہوتے تھے۔
مرنگیرا نے کہا کہ ملزم نے تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کیا ہے اور ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ مقتولین میں مرد اور خواتین شامل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملزم زیادہ تر طوائفوں کو اپنے گھر لے جاتا تھا جہاں ان کا قیمتی سامان لوٹ کر انہیں گلا دبا کر قتل کر دیتا تھا اور بعدازاں ان کی لاشوں کو کچن میں کھودے گئے گڑھے میں دفن کر دیتا تھا۔