بلوچستان اسمبلی میں عبدالخالق بلامقابلہ اسپیکر جبکہ غزالہ گولہ ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان اسمبلی میں مسلم لیگ ن کے امیدوار عبدالخالق بلامقابلہ اسپیکر جبکہ پیپلزپارٹی کے غزالہ گولہ ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے، سہ پہر 3 بجے کے اجلاس میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے کامیابی کا اعلان کیا جائے گا۔
بلوچستان اسمبلی کااجلاس2مارچ صبح11بجےتک ملتوی کردیاگیا،ہفتے کے روز بلوچستان اسمبلی کےقائد ایوان کا انتخاب ہوگا ، جس کیلئےکاغذات نامزدگی بروزجمعہ شام 5 بجے تک جمع کروائے جاسکتےہیں جبکہ کاغذات کی جانچ پڑتال جمعےکےروزشام 6 بجےتک ہوگی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز صوبائی اسمبلی کا اجلاس زمرک اچکزئی کی صدارت میں ہوا، جس میں نومنتخب اراکین نے حلف اٹھایا۔ خصوص نشستوں کی تقسیم کے بعد اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی اٹھارہ نشستوں کے ساتھ اکثریتی جماعت ہے۔
مسلم لیگ (ن) اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کو 13، 13 نشستیں ملی ہیں۔ بلوچستان عوام پارٹی کی پانچ، نیشنل پارٹی کی چار، اے این پی کی تین اور بی این پی عوامی کی ایک نشست ہے۔ جماعت اسلامی، حق دو تحریک اور بی این پی عوامی کی 1، 1 نشست ہے۔