پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد سید مراد علی شاہ مسلسل تیسری مرتبہ وزیر اعلیٰ سندھ منتخب ہوگئے۔
پیر کے روز سپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لئے اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں پیپلز پارٹی کے نامزد سید مراد علی شاہ کو وزیر اعلیٰ سندھ منتخب کر لیا گیا۔
مراد علی شاہ مسلسل تیسری بار وزیر اعلیٰ سندھ منتخب اور پہلی بار 2 تہائی اکثریت سے کامیاب ہوئے۔
وزارت اعلیٰ سندھ کے لئے مراد علی شاہ اور متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم ) کے امیدوار علی رشیدی کے درمیان مقابلہ تھا۔
مراد علی شاہ 112 ووٹ حاصل کر کے وزیر اعلیٰ سندھ منتخب ہوئے جبکہ ان کے حریف علی خورشیدی 36 ووٹ حاصل کر سکے۔
سندھ اسمبلی میں قائد ایوان کے انتخابی عمل میں 148 ارکان نے حصہ لیا جبکہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ 9 اور جماعت اسلامی کے ایک رکن نے انتخابی عمل میں حصہ نہیں لیا۔
نادر مگسی کا حلف
اجلاس کے آغاز پر پیپلز پارٹی کے نومنتخب ممبر صوبائی اسمبلی نادر مگسی نے حلف اٹھایا جبکہ سپیکر اویس قادر شاہ نے ان سے حلف لیا۔
واضح رہے کہ نومنتخب اراکین اسمبلی کی حلف برداری کے لئے سندھ اسمبلی کا افتتاحی اجلاس دو روز قبل ہوا تھا لیکن نادر مگسی اجلاس میں شرکت نہیں کر سکے تھے۔
نادر مگسی کے حلف اٹھانے کے بعد پیپلز پارٹی کے اراکین کی تعداد 112 ہوگئی۔
یاد رہے کہ نومنتخب وزیر اعلیٰ سندھ کی تقریب حلف برداری کل شام گورنر ہاؤس میں منعقد ہوگی۔