بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے کپتان شکیب الحسن پاکستان کے سابق کپتان عمران خان کا اہم ریکارڈ توڑنے کے قریب پہنچ گئے۔
بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) ورلڈ کپ میں بطور کپتان سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا عمران خان کا ریکارڈ توڑنے کے قریب ہیں۔
شکیب الحسن پہلے ہی ون ڈے میں 7000 سے زیادہ رنز بنا چکے ہیں اور 308 سے زیادہ وکٹیں لے چکے ہیں اور اب وہ ایک اور اعزاز حاصل کرسکتے ہیں۔
عمران خان 22 میچوں میں 24 وکٹیں لے کر یہ ریکارڈ اپنے پاس رکھتے ہیں لیکن شکیب ان سے صرف 13 وکٹیں پیچھے ہیں۔
شکیب کی ورلڈ کپ 2023 میں کم از کم نو میچز کھیلنے کی توقع ہے جس کا مطلب ہے کہ انہیں عمران خان کو پیچھے چھوڑنے کا کافی موقع ملے گا۔
بنگلہ دیشی آل راؤنڈر میگا ایونٹس میں بہترین باؤلرز میں سے ایک ہیں اور ورلڈ کپ کے سات میچوں میں ان کی 12 وکٹیں ہیں۔
اگر شکیب عمران خان کا ریکارڈ توڑ دیتے ہیں تو یہ اب تک کے عظیم آل راؤنڈرز میں سے ایک کے لیے موزوں کارنامہ ہوگا۔
مجموعی طور پر ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والوں میں گلین میک گراتھ 29 میچوں میں 71 وکٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں جبکہ 40 میچوں میں 68 وکٹوں کے ساتھ متھیا مرلی دھرن دوسرے اور 29 میچوں میں 56 وکٹوں کے ساتھ لاستھ ملنگا تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔