الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے سیاسی جماعتوں کو اسمبلیوں میں مخصوص نشستوں کا کوٹہ آج الاٹ ہونے کا امکان ہے جبکہ سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں دینے یا نہ دینے کا فیصلہ بھی آج ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کا کوٹہ دینے کی درخواست منظور کی جائے یا نہیں؟ چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کا سر جوڑ کر بیٹھے گا۔
اجلاس میں سیاسی جماعتوں کو چاروں اسمبلیوں کی مخصوص نشستوں کا کوٹہ الاٹ کیا جائے گا۔ آزاد ارکان کی شمولیت کے بعد حتمی پارٹی پوزیشن بھی آج جاری ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق سنی اتحاد کونسل کو کوٹہ نہ ملا تو دیگر جماعتوں کو 3 ارکان پر ایک نشست ملے گی، کوٹہ دیا گیا تو سنی اتحاد کونسل کو 4.5 ارکان پر ایک نشست ملے گی۔
خیال رہے کہ تحریک انصاف اور سنی اتحاد کونسل کی درمیان معاہدے کے بعد ملک بھر سے پی ٹی آئی کے حمایت سے کامیاب ہونے والے آزاد امیدواروں کی جانب سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے۔
ملک بھر سے 280 سے زائد تحریک انصاف کے حمایت یافتہ کامیاب آزاد امیدواروں نے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ قومی اسمبلی کے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ 86 آزاد ارکان سنی اتحاد کونسل میں شامل ہوچکے ہیں۔ امیدواروں نے سنی اتحاد کونسل نے شمولیتی سرٹیفکیٹ اور بیان حلفی الیکشن کمیشن میں جمع کرادئیے۔
تین صوبائی اسمبلیوں کے متعدد ارکان نے بھی شمولیتی سرٹیفکیٹ اور بیان حلفی جمع کرادیئے۔ پنجاب اسمبلی کے 105 آزاد امیدواروں نے بھی بیان حلفی جمع کرادیئے، خیبر پختونخوا اسمبلی کے 85 آزاد امیدوار بھی سنی اتحاد کونسل میں شامل ہوگئے۔