وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ( ایف آئی اے ) نے خیبرپختونخوا میں حوالہ ہنڈی کی سب سے بڑی مارکیٹ کو سیل کر دیا۔
ایف آئی اے کا ڈالر کی غیر قانونی خرید و فروخت اور حوالہ ہنڈی میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور اسی سلسلے میں پشاور سرکل نے صوبائی دارالحکومت کے علاقے ’’ چوک یادگار ‘‘ میں کارروائی کرتے ہوئے وہاں موجود حوالہ ہنڈی کی سب سے بڑی مارکیٹ کو سیل کر دیا۔
حکام کے مطابق امریکی کرنسی کی ذخیرہ اندوزی اور حوالہ منڈی کے کاروبار میں جو بھی ملوث پایا گیا اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی وفاقی تحقیقاتی ایجنسی نے پشاور کے چوک یادگار میں ایک کارروائی کے دوران حوالہ ہنڈی میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کیا تھا اور ان کے قبضہ سے ایک کروڑ 41 لاکھ روپے کی رقم برآمد کی تھی۔
خیال رہے کہ ڈالر کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیوں کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں اور اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی کی قیمت میں روزانہ کی بنیاد پر بڑی کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے۔