برطانیہ نے پاکستان کے انتخابات کی شفافیت اور شمولیت کے فقدان پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے تمام جماعتوں کو باضابطہ طور پر انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت نہ دینا افسوسناک قرار دیدیا۔
پاکستان میں عام انتخابات کیلئے 8 فروری کو پولنگ ہوئی، ووٹوں کی گنتی کے بعد انتخابی نتائج جاری کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
پاکستان میں انتخابات پر برطانیہ کے سیکریٹری خارجہ لارڈ کیمرون نے بیان جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ اور پاکستان کے درمیان قریبی اور دیرینہ تعلقات ہیں، انتخابات میں ووٹ ڈالنے والے تمام لوگوں کو سراہتے ہیں۔
برطانوی سیکریٹری خارجہ نے انتخابات کی شفافیت اور شمولیت کے فقدان پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام جماعتوں کو باضابطہ طور پر انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت نہ دینا افسوسناک ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ کچھ سیاسی رہنماؤں کو شرکت سے روکنے کیلئے قانونی طریقۂ کار کا استعمال کیا گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں عام انتخابات کے اب تک کے نتائج کے مطابق آزاد امیدواروں نے قومی اسمبلی کی 100 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے جبکہ مسلم لیگ ن کو 68، پیپلزپارٹی کو 52، ایم کیو ایم پاکستان کو 15 سیٹوں پر کامیابی ملی ہے۔