این اے 207 شہید بے نظیر آباد سے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق سابق صدر آصف زرداری 33 ہزار 605 ووٹوں کے ساتھ سرفہرست ہیں۔
اب تک موصول 35 کے قریب پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق این اے 207 شہداد پور سے پیپلزپارٹی کے آصف علی زرداری 28 ہزار 255 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں۔
غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق آزاد امیدوار سردار شیر محمد رند 4 ہزار 852 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
ملک بھر میں عام انتخابات کیلئے آج صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک پولنگ جاری رہی، ملک بھر میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس کی بندش کے باعث ووٹرز کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
ملک بھر میں عام انتخابات کیلئے 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے اہل تھے۔
عام انتخابات کے دوران قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں کیلئے 882 خواتین اور 4 خواجہ سراؤں سمیت ملک کی تاریخ میں سب سے زیادہ امیدواروں نے حصہ لیا جن کی تعداد 17 ہزار 816 ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق ملک بھر میں عوام کے ووٹ کا حق استعمال کرنے کیلئے 90 ہزار 675 پولنگ اسٹیشنز اور 2 لاکھ 66 ہزار 398 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب سے قومی اسمبلی کی 141 اور صوبائی اسمبلی کی 297 نشستوں پر اپنے نمائندوں کے انتخاب کیلئے 7 کروڑ 32 لاکھ 7 ہزار 896 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
سندھ سے قومی اسمبلی کی 61 اور صوبائی اسمبلی کی 130 نشستوں پر 2 کروڑ 69 لاکھ 94 ہزار 769 ووٹرز پسندیدہ امیدواروں کا چناؤ کریں گے۔
خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کی 45 اور صوبائی اسمبلی کی 115 نشستوں پر صوبے کے 2 کروڑ 19 لاکھ 28 ہزار 119 رجسٹرڈ ووٹرز اپنے ووٹ کا حق استعمال کر سکیں گے۔
بلوچستان سے قومی اسمبلی کی 16 اور صوبائی اسمبلی کی 51 نشستوں پر 53 لاکھ 71 ہزار 947 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق اسلام آباد سے قومی اسمبلی کی 3 نشستوں پر 10 لاکھ 83 ہزار 29 ووٹرز اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔
نتائج رات 2 بجے سے پہلے بھی آ سکتے ہیں، چیف الیکشن کمشنر
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کا کہنا ہے کہ آر او نے رات 2 بجے تک نتیجہ جاری کرنا ہے تاہم نتائج 2 بجے سے پہلے بھی آ سکتے ہیں۔
کامن ویلتھ مبصرین کا مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ
دولت مشترکہ ممالک کے مبصرین نے اسلام آباد سمیت مختلف شہروں کے پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے ووٹنگ کی صورتحال کا جائزہ لیا اور ریٹرننگ افسران سے ملاقاتیں بھی کیں۔