پاکستان کے 12ویں جنرل الیکشن میں ملک بھر میں لوگ اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے میں مصروف ہیں۔ 7 گھنٹے گزر گئے، ووٹنگ کا وقت ختم ہونے میں صرف دو گھنٹے باقی ہے۔ قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں میں انتخابات کیلئے پولنگ صبح 8 سے جاری ہے جو شام 5بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔
الیکشن کمیشن حکام کا کہنا ہے کہ ووٹنگ کا وقت بڑھانے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں، ووٹنگ کا وقت شام پانچ بجے تک برقرار رہے گا جبکہ غیر حتمی غیر سرکاری نتائج 6 بجے کے بعد تک نشر ہوسکیں گے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پولنگ کا عمل مقررہ وقت پر شام 5 بجے ختم ہو جائے گا، تمام پولنگ اسٹیشنز کے دروازے شام 5 بجے بند کر دیئے جائیں گے، جو لوگ پولنگ اسٹیشن کے احاطہ میں پہلے سے موجود ہیں وہ مقررہ وقت کے بعد بھی ووٹ کاسٹ کر سکتے ہیں۔
دوسری جانب انتخابات کے پیشِ نظر الیکشن کمیشن کے مدعو کیے گئے بیرون ملک سے آنے والے مختلف مبصرین، صحافی اور آبزرورز نے ووٹنگ کی صورتحال کا جائزہ لیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کامن ویلتھ کے مبصر گروپ کے سربراہ کا کہنا ہے کہ عام انتخابات کے پولنگ عمل سے مطمین ہیں، انٹرنیٹ دریافت ہونے سے قبل ہم الیکشن کرا رہے تھے، انٹرنیٹ سے زیادہ اہم ووٹ ڈالنا ہے۔