انٹرنیٹ کی بندش اور رابطوں میں مشکلات کے باعث ملک بھر میں متعدد پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کا عمل شروع نہ ہوسکا۔
تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں پولنگ کا سامان تاحال تقسیم نہ ہو سکا، این اے 220 کے پولنگ اسٹاف کو اب تک انتخابی سامان نہیں دیا گیا۔
ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر طارق قریشی کا کہنا ہے کہ ریٹرننگ افسر (آر او) کے پاس سسٹم کے پاس ورڈ اور آئی ڈی ہوتی ہے، آر او کے لاگ ان کرنے کے بعد ہی سامان کی ترسیل شروع کی جا سکتی ہے۔
ٹھل میں پی ایس2 پر پولنگ کا عمل شروع نہیں ہوسکا، پولنگ اسٹیشن کی تیاریاں مکمل نہیں ہوسکے۔ گھوٹکی میں این اے 198 ڈھرکی کے پولنگ اسٹیشنزپرووٹنگ شروع نہ ہوسکی، گھوٹکی میں ایجنٹ نہ ہونے کے باعث پولنگ شروع نہیں ہوئی۔
کراچی این اے 232 پولنگ اسٹیشن ستائیس پنجاب کالونی میں پولنگ باکس سیل نہ ہونے اور پولنگ ایجنٹس کے نہ پہنچنے کی وجہ سے پولنگ ابھی تک شروع نہ ہوسکی۔
جامشورو میں پولنگ کا وقت شروع ہونے کے باوجود جامشورو کے بیشتر پولنگ سٹیشن پر پولنگ کا عمل شروع نہ ہوسکا۔ایک گھنٹہ گذرنے کے باوجود انتظامات مکمل نہ ہونے کے باعث پولنگ کا عمل شروع نہ ہو سکا۔
واضح رہے کہ عام انتخابات 2024 کیلئے پولنگ کا عمل آج صبح 8 بجے سے شروع ہگیا ہے جو بلا رکاوٹ شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔ ملک بھر میں ووٹر قومی اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں پر اپنے پسندیدہ امیدواروں کو ووٹ کاسٹ کر سکیں گے۔