یوکرین کے صدر ولادی میر زیلنسکی روسی حملے کے بعد پہلی بار کینیڈا کے دورے پر پہنچ گئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے اوٹاوا میں زیلنسکی اور ان کی اہلیہ کا استقبال کیا۔
کینڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی گئی جس میں انہیں زیلنسکی اور خاتون اول کا استقبال کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
President @ZelenskyyUa and First Lady @ZelenskaUa, welcome to Canada. 🇨🇦🇺🇦 pic.twitter.com/NDVoDef5qI
— Justin Trudeau (@JustinTrudeau) September 22, 2023
رپورٹس کے مطابق زیلنسکی کا دورہ کینیڈا بین الاقوامی شراکت داروں کے شکوک و شبہات کے بعد سامنے آیا ہے کہ انہیں کیف کو امداد کی فراہمی کیسے جاری رکھنی چاہیے۔
زیلنسکی واشنگٹن سے اوٹاوا پہنچے جہاں انہوں نے مزید فنڈنگ حاصل کرنے کی امید ظاہر کی تھی لیکن یہ واضح نہیں ہے کہ آیا امریکی کانگریس مزید امداد کی حمایت کرے گی۔
انہوں نے اقوام متحدہ میں عالمی رہنماؤں پر زور دیا تھا کہ وہ روسی افواج سے لڑنے میں مدد کے لیے یوکرین کی حمایت جاری رکھیں۔
کینیڈا نے زیلنسکی کی آمد پر یوکرین کے ساتھ اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اقوام متحدہ میں تعینات کینیڈین سفیر نے خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس ( اے پی ) سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم یوکرینی عوام کی حمایت کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھیں گے۔
اگرچہ جنگ شروع ہونے کے بعد زیلنسکی کا یہ پہلا دورہ ہے لیکن اس سے پہلے وہ ویڈیو لنک کے ذریعے کینیڈین پارلیمنٹ سے خطاب کر چکے ہیں۔
زیلنسکی اپنے دورے کے دوران ٹورنٹو میں کاروباری رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے۔