پاک فوج کی جانب سے ضلع سوات کے سیاحتی مقام مالم جبہ میں دو روزہ ونٹر فیسٹول کا انعقاد کیا گیا، برفباری کے ساتھ ہی بڑی تعداد میں سیاحوں نے وادی کا رخ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق سیاحوں کے لئے تفریحی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے پاک فوج نے مالم جبہ میں دو روزہ ونٹر فیسٹول کا انعقاد کیا۔ ونٹر فیسٹول میں بیڈمنٹن، والی بال، ٹگ آف وار اور ٹیبل ٹینس کے مقابلے شامل تھے۔ پاکستان بھر سے آئے ہوئے بڑی تعداد میں سیاحوں بشمول مرد، خواتین اور بچوں نےان مقابلوں میں شرکت کی۔
سیاحوں نے فیسٹول کے انعقاد پر پاک فوج کو سراہتے ہوئے کہا کہ مالم جبہ میں موسم کے ساتھ ساتھ اس قسم کے فیسٹول کے انعقاد سے سیاحوں کی تعداد میں اور زیادہ اضافہ ہوگا۔
خیال رہے کہ سوات کے سیاحتی مقامات کالام اور مالم جبہ میں برفباری جاری ہے، سیاحوں نے بھی سوات کا رخ کر لیا ہے۔ برفباری کے بعد وادی مالم جبہ اور کالام کا حسن نکھرگیا، سیاح بھی برفباری سے لطف اندوز ہوتے دکھائی دیے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ماہ میں ملک کے بالائی علاقوں میں بارشوں اور برف باری کا سلسلہ جاری رہے گا۔