صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور پاک فوج کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر سے سعودی عرب کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل نےملاقات کی، اور دونوں ممالک کا تجارت، معیشت اور دفاع کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے دورے پر آئے ہوئےسعودی مسلح افواج کے سربراہ فیاض بن حمید الرویلی نےاعلیٰ اختیاراتی فوجی وفد کے ہمراہ صدر مملکت عارف علوی اور چیف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران فریقین نے دفاع اور سلامتی کے امور سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
قبل ازیں وفد نے جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے بھی ملاقات کی۔
اس کے علاوہ سعودی مسلح افواج کے سربراہ فیاض بن حمید الرویلی نےصدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے بھی ملاقات کی ، اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ پاکستان اور سعودی عرب نے تجارت، معیشت اور دفاع کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری کا خواہاں ہے کیونکہ ملک میں زراعت اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی بڑی صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے خصوصی سرمایہ کاری کی سہولت کونسل تشکیل دی ہے تاکہ فیصلہ سازی کو تیز کرنے اور چار اہم شعبوں میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کو آسان بنانے کے لیے ون ونڈو پلیٹ فارم کے طور پر کام کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات معمول پر آئے اور اس سے خطے میں امن اور خوشحالی بھی آئے گی۔ سعودی عرب نے پاکستان کو معاشی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مالی مدد فراہم کی۔
اس موقع پر سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین شروع سے ہی مختلف شعبوں میں قریبی تعلقات ہیں۔ انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا اور کہا کہ سعودی عرب کا وژن 2030 پڑوسی ممالک کے ساتھ ساتھ اسلامی دنیا میں بھی خوشحالی لائے گا۔