بھارت نے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کو 2 وکٹوں سے شکست دیتے ہوئے انڈر 19 ورلڈ کپ کے فائنل میں کوالیفائی کر لیا ۔
تفصیلات کے مطابق بھارت نے جنوبی افریقہ کی جانب سے دیا گیا 245 رنز کا ہدف 48.5اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر عبور کر لیا جس میں سچن داس نے 96 رنز کی انتہائی شاندار اننگ کھیلتے ہوئے ٹیم کو جیت سے ہمکنار کروانے میں اہم کردار ادا کیا جبکہ کپتان ادے سہارن نے 81 رنز بنا کر ٹیم کو جیت دلوائی ۔ان کے علاوہ کوئی اور کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہو پایا، ارشن کلکرنی 12 ، ایوناش 10 ، مولیا 5، مشیر خان 4 سکور بنانے میں کامیا ب ہوئے ۔
اس سے قبل بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور میزبان ٹیم جنوبی افریقہ کو بیٹنگ کی دعوت دی جس پر جنوبی افریقہ کی انڈر 19 ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 244 رنز بنائے جس میں اوپنر لہوان پریٹورئیس نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 76 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ ریچرڈ سیلیٹ سوین نے 64 رنز بنا کر ٹیم کو بڑی سپورٹ فراہم کی ۔ ان کے علاوہ سٹیو سٹولک نے 14 ، جوان جیمز نے 24 ، اولیور وائٹ ہیڈ نے 22 ٹرسٹن لوس نے 23 رنز بنائے ۔
بھارت کی جانب سے راج لمبانی نے 3، مشیر خان نے 2 جبکہ سومی پانڈے اور نمن تیواری نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل 8 فروری کو پاکستان اور آسٹریلیا کی انڈر 19 ٹیموں کے مابین کھیلا جائے گا۔
قبل ازیں بھارتی کپتان اودے سہارن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ میچ میں کامیابی سمیٹ کر فائنل میں اچھا پرفارم کرکے ٹائٹل جیتنا ہدف ہے۔دوسری جانب جنوبی افریقی کپتان نے کہا کہ کوشش کریں گے حریف کیخلاف بڑا ٹارگٹ سیٹ کرکے میچ میں فتح سمیٹیں۔
بھارت کا اسکواڈ:
کپتان اودے سہارن، آدرش سنگھ، ارشین کلکرنی، پریانشو مولیا، سچن داس، مشیر خان، ارویلی اوینیش، مروگن ابھیشیک، راج لمبانی، نمن تیواری، سومی پانڈے
جنوبی افریقا کا اسکواڈ:
لہوان پریٹوریئس، اسٹیو اسٹوک، ڈیوڈ ٹیگر، رچرڈ سیلٹسوین، دیوان ماریس، جوآن جیمز، اولیور وائٹ ہیڈ، ریلی نارٹن، ٹرسٹن لوس، نکوبانی موکوینا، کوینا مافاکا
واضح رہے کہ ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل جمعرات کو پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔