جرمنی میں ہوائی اڈوں کے سیکیورٹی عملے کی ملک گیر ہڑتال جاری ہے، ایک ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہوگئیں، جس سے مسافروں کو سخت مشکلات اور پریشانی کا سامنا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انتظامیہ اور ایوی ایشن سیکیورٹی کمپنیوں کی ایسوسی ایشن (بی ڈی ایل ایس) کے ساتھ کئی ادوار کے مذاکرات ہوئے جو ناکام رہے جس کے نتیجے میں جرمنی کے تمام ہوائی اڈوں کے سیکیورٹی عملے نے ہڑتال کردی۔
رپورٹ کے مطابق ہڑتال کرنیوالے افراد کا بنیادی مطالبہ فی گھنٹہ اجرت میں دو یورو 80 سینٹ اضافہ کرنا ہے۔
جرمنی کے سب سے بڑے ایئرپورٹ فرینکفرٹ سمیت تمام اہم ہوائی اڈوں پر پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں، یہ پروازیں 11 اہم ہوائی اڈوں پر سیکیورٹی عملے کی ہڑتال کی وجہ سے منسوخ ہوئی ہیں۔
جرمنی کی ایئرپورٹ ایسوسی ایشن، اے ڈی وی، کے مطابق ملک کے گیارہ بڑے ہوائی اڈوں پر سیکیورٹی عملے کی ہڑتال کے باعث ایک ہزار سے زائد پروازیں منسوخ یا ان میں تاخیر کا خدشہ ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ ہڑتال سے 2 لاکھ سے زائد مسافر متاثر ہوں گے، یہ ہڑتال بدھ کی رات سے شروع ہوئی ہے۔