فلسطینی صدر کا کہنا ہے کہ غزہ کو کسی صورت الگ کرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، اپنی سرزمین کا دفاع ہر صورت کرینگے۔ وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی حملوں میں مزید 119 فلسطینی شہید ہوگئے۔
عالمی عدالت انصاف میں فلسطینیوں کی نسل کشی کے الزامات پر اسرائیل کیخلاف کارروائی کے اعلان کے باوجود غزہ پر صہیونی فوج کی وحشیانہ اور ظالمانہ بمباری کا سلسلہ جاری ہے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں مزید 119 فلسطینی شہید ہوگئے، 7 اکتوبر سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 27 ہزار 19 تک پہنچ چکی ہے جبکہ زخمیوں کی مجموعی تعداد 66 ہزار 139 ہوگئی۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ خان یونس میں 30 ہزار بے گھر افراد خوراک اور پانی سے محروم ہیں، بے گھر افراد ناصر اسپتال کے ساتھ کیمپوں میں مقیم ہیں۔
دوسری جانب فلسطینی صدر محمود عباس کا کہنا ہے کہ غزہ کو الگ کرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، اپنی سرزمین کا دفاع ہر صورت میں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں فوری جنگ بندی اور اسرائیلی فوج کے انخلاء کی ضرورت ہے۔
مصری وزیر خارجہ سامع شکری کا کہنا ہے کہ بحیرۂ احمر میں ہونیوالی کارروائیوں پر تشویش ہے، ہم خطے میں تنازع کو بڑھانے کے سنگین نتائج سے خبردار کرتے ہیں۔