چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے حکومت میں آکر تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرنے کا اعلان کردیا۔ کہا اقتدار میں آکر پہلے ہی دن سیاسی قیدی رہاکروں گا۔ حکومت میں آکر شہدا کے خون کا سودا نہیں کروں گا۔
خیبرپختوںخوا کے ضلع ملاکنڈ میں عوام جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکن اپنا ووٹ ضائع نہ کریں، ووٹ ضائع کریں گے تومیاں صاحب چوتھی بار وزیراعظم بن جائیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ میاں صاحب3بار وزیراعظم رہے اور انتقامی سیاست کرتے رہے، ن لیگ ووٹ کو عزت نہیں دے رہی، بےعزتی کررہی ہے، خان صاحب بھی تبدیلی کا وعدہ کرکے پرانی سیاست کرنے لگے تھے، پرانے سیاستدانوں سے کہتاہوں نفرت اور تقسیم کی سیاست چھوڑدو۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو ان کے اپنے لوگوں نے پھنسایا، پی ٹی آئی کا انتخابی نشان بھی پلانٹڈ وکیلوں کی وجہ سے گیا، پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت میں پلانٹڈ لوگ ہیں، سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی کے وکلاعدالت آتے ہی نہیں تھے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ میاں صاحب دوبارہ وزیراعظم بننے کا خواب دیکھ رہے ہیں مگر وزیراعظم کون ہوگا فیصلہ صرف عوام کرےگی، ہم نے سیاست کوذاتی دشمنی میں تبدیل نہیں کرنا، کسی ذاتی دشمنی کی وجہ سے الیکشن نہیں لڑرہا، وقت آگیا ہےعوام کونئی سوچ، نئی سیاست کو چننا چاہیے۔