خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے این اے 8 سے آزاد امیدوار ریحان زیب جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق زیب خان الیکشن مہم کے سلسلے میں صدیق آباد پھاٹک میں موجود تھے کہ نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی ،انہیں شدید زخمی حالت میں خار اسپتال منتقل کیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔
قبل ازیں بلوچستان کے سرحدی شہر چمن میں عوامی نیشنل پارٹی آفس پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اے این پی رہنما ظہور احمد جاں بحق ہوگئے۔
لیویز ذرائع کے مطابق عبداللہ کے علاقے میزئی اڈہ میں اے این پی کے الیکشن دفتر پر فائرنگ پیس آیا، فائرنگ سے اے این پی رہنما ظہور احمد جاں بحق جبکہ ایک کارکن زخمی ہوا۔
حملے پر ردعمل دیتے ہوئے اے این پی بلوچستان کے صدر اصغر خان اچکزئی نے کہا کہ پارٹی کے دفتر پر حملہ کھلی دہشت گردی ہے۔
دوسری جانب بلوچستان کے ضلع کیچ کے گاؤں بلیدہ میں پیپلزپارٹی امیدوارمیرظہوربلیدی کے گھر پر نامعلوم افرادکی جانب سے 2 دستی بم پھینکے گئے۔دستی بم گھر کے صحن میں زوردار دھماکوں کے ساتھ پھٹ گئے۔ ذرائع کے مطابق دھماکے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔