مسلم لیگ نواز کی رہنما اور سابق وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے توشہ خانہ کیس کے فیصلے کے بعد بانی پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کیا سمجھے تھے آپ کو چھوڑ دیا جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ جب ہم اپوزیشن میں تھے تو بار بار یہ بات کرتے تھے ، انہوں نے پاکستان کا پیسہ چوری کیا، قومی خزانے پر ڈاکہ ڈالا ہے۔
لازمی پڑھیں۔ توشہ خانہ ریفرنس کیس، عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 14، 14 سال قید کی سزا
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ سیاسی طور پر چور چور کا ایک بیانیہ بنایا گیا، اوپر بیٹھا شخص ٹھیک ہو تو نیچے بھی کرپشن نہیں ہوسکتی ، اوپر بیٹھا شخص جب کرپٹ ہو تو کرپشن بڑھتی ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ جنہوں نے چوری نہیں کی ہوتی وہ اپنی تین تین نسلوں کا جواب دیتے ہیں، آپ نے پچاس ہزار ارب کھا لیے، جب ان سے جواب مانگو تو توڑ پھوڑ کرتے ہیں، حملے کرتے ہیں، 900ارب کے پی میں کھا لیے ، آپ کیا سمجھے تھے آپ کو چھوڑ دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دوسروں کو چور کہتے کہتے تھکتے نہیں تھے ، جان بوجھ کر منظم سازش سے ملک کو لوٹا گیا، یہ ہے سیسیلین مافیا اور گاڈ فادر ، نواز شریف کو سیسیلین مافیا اور گاڈ فادر کہتے تھے۔