عراقی عسکریت پسند گروپ کتائب حزب اللہ نے ڈرون حملے کے بعد امریکا کے خلاف حملے روکنے کا اعلان کردیا۔
کتائب حزب اللہ نے اتوار کے روز اردن میں ایک ڈرون حملہ کرنے کی ذمہ داری قبول کی تھی جس کے نتیجے میں تین امریکی فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔
تاہم ، گروپ کی جانب سے اب اعلان کیا گیا ہے کہ امریکا کے خلاف کارروائیاں معطل کر دی گئی ہیں۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے ردعمل میں کہا کہ انہوں نے اس حوالے سے فیصلہ کرلیا ہے کہ اس ڈرون حملے کا جواب کیسے دیا جائے، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ امریکی اقدام کیا ہوگا۔
کتائب حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل ابو حسین الحمیدوی نے کہا کہ ہم قابض افواج کے خلاف فوجی اور سیکورٹی آپریشنز کی معطلی کا اعلان کرتے ہیں لیکن، ہم دوسرے طریقوں سے غزہ میں اپنے لوگوں کا دفاع جاری رکھیں گے۔
یاد رہے کہ ٹاور 22 پر ہونے والے حملے کے نتیجے میں درجنوں فوجی زخمی بھی ہوئے اور یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب امریکی فوجی اپنے بنکروں میں سو رہی تھے۔