پاکستانی کرکٹر عمر امین انگلینڈ میں کاؤنٹی چیمپئن شپ کے دوران نسلی تعصب کا نشانہ بن گئے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستانی کرکٹر عمر امین کو انگلینڈ میں کاؤنٹی چیمپئن شپ کے میچ میں مخالف کھلاڑی کی جانب سے نسلی تعصب کا نشانہ بنایا گیا، انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) ان الزامات کی تحقیقات کر رہا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سسیکس کے بولر ایری کارویلا نے کاؤنٹی چیمپیئن شپ میچ کے دوران لیسٹر شائر کی نمائندگی کرنیوالے پاکستانی بلے باز عمر امین کیخلاف امتیازی زبان استعمال کرتے ہوئے انہیں نسلی تعصب کا نشانہ بنایا گیا۔
ایک غیرملکی کرکٹ میگزین کی رپورٹ کے مطابق کارویلاس پر الزام ہے کہ انہوں نے عمر امین کو دوسری اننگز میں آؤٹ کرنے کے بعد ’’اسے جس گاؤں سے آیا تھا وہیں واپس بھیج دو‘‘ کہا تھا۔ عمر امین نے میچ کی دوسری اننگز میں 185 گیندوں پر 94 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
ای سی بی نے تصدیق کی ہے کہ وہ نسل پرستی کے الزامات سے آگاہ ہے اور معاملے کی تحقیقات جاری ہے، تحقیقات مکمل ہونے کے بعد بورڈ فیصلہ کرے گا کہ آیا کارویلاس کیخلاف کس حد تک تادیبی کارروائی کرنی ہے
لیسٹر شائر نے عمر امین کو کاؤنٹی چیمپیئن شپ میں حصہ لینے کیلئے سائن کیا تھا۔ پاکستان کی جانب سے 33 سالہ نوجوان کرکٹر نے 4 ٹیسٹ میچز کھیلے جبکہ 30 ایک روزہ مقابلوں میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔