بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس حتمی مرحلے میں داخل ہوگیا۔ احتساب عدالت نے ملزمان کے وکلاء کا جرح کا حق ختم کردیا، کل عمران خان اور بشریٰ بی بی کا 342 کا بیان ریکارڈ کیا جائے گا۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ریفرنس کیس کی سماعت کی، بانی پی ٹی آئی نے ایک مرتبہ پھر وکیل تبدیلی کی درخواست دی تو پراسیکیوشن کی جانب سے اس کی شدید مخالفت کی گئی۔
نیب کے وکیل امجد پرویز نے مؤقف اپنایا توشہ خانہ کیس میں دسواں وکیل تبدیل کیا جارہا ہے، یہ سب کیس کو التواء میں ڈالنے کی کوشش ہے، 5 سے 6 بار گواہ عدالت آچکے مگر وکلاء صفائی جرح نہیں کررہے۔
احتساب عدالت نے فریقین کا مؤقف سننے کے بعد وکلائے صفائی کا گواہوں پر جرح کا حق ختم کردیا۔
پی ٹی آئی وکیل شہباز کھوسہ نے کہا کہ اپنے والد کی انتخابی مہم چھوڑ کر آیا تھا، جرح کا حق ختم کرنے کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کریں گے۔