پاکستانی کرنسی کی قدر میں جاری مالی سال کے دوران نمایاں بہتری آئی جبکہ اسٹیٹ بینک کے زر مبادلہ ذخائر بھی تقریباً دوگنا ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق مالی سال 24-2023ء کے آغاز سے اب تک امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی کرنسی کی قدر میں مجموعی طور پر 2.3 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ماہرین کے مطابق پاکستان میں زرمبادلہ کے ذخائر میں بتدریج بہتری کی وجہ سے کرنسی کی قدر پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
مالی سال کے آغاز میں اسٹیٹ بینک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر کا حجم 4.5 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا جو گزشتہ ہفتے کے اختتام پر 8.27 ارب ڈالر کے قریب ہوگیا ہے۔
گزشتہ ہفتے کے دوران ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر میں 243 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا جس کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر کا حجم 13.34 ارب ڈالرہو گیا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق 19 جنوری کو ختم ہونیوالے ہفتے میں اسٹیٹ بینک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر 8.27 ارب ڈالر جبکہ کمرشل بینکوں کے پاس 5.07 ارب ڈالر تھے۔