پاک فوج کی ملک کے لئے قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ فوجی جوان ہر دم ملک کی حفاظت اور بقاء کےلیے اپنی جان قربان کرنے کو تیار رہتے ہیں۔
پاکستان کی مٹی دفاع وطن میں جان قربان کرنے والے شہداء کے خون سے رنگی ہے امن دشمنوں نے جب بھی سرزمین پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھا پاک فوج کے بہادر سپوتوں نے جان کی پرواہ کئے بغیر وطن کی پکار پر لبیک کہا۔ وطن کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کے خاندانوں کو پوری قوم خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔
وطن کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے والوں میں سپاہی محمد احد ظفر انتہائی نڈر سپاہی بھی شامل ہیں، جنہوں نے وطن عزیز کی خاطر شہادت کو گلے لگایا، سپاہی محمد احد ظفر نے 12 دسمبر 2023 کو ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں دہشتگردوں کے خلاف سرچ آپریشن میں بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
سپاہی محمد احد ظفر شہید نے سوگواران میں والدہ اور دو بھائی چھوڑے، ان کا تعلق پنجاب کے ضلع وہاڑی سے ہے۔ سپاہی محمد احد ظفر شہید کی یہ قربانی ہماری آنے والی نسلوں کیلئے مشعل راہ ہے۔
سپاہی محمد احد ظفر شہید کے والد نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میرا بیٹا شہادت کے رتبے پر فائز ہوا، میرا بیٹا بہت نڈر تھا، اس نے ملکی دفاع کی خاطر جان قربان کی۔ احد بہت اچھا تھا، میرا اور سب گھر والوں کا بہت خیال رکھتا تھا۔
سپاہی محمد احد ظفر شہید کے والد نے کہا کہ میرا بیٹا کہتا تھا کہ اگر میں شہید ہو گیا تو آپ نے گھبرانہ نہیں ہے بلکہ ہمت اور حوصلے سے کام لینا ہے، میرا بیٹا میرے جگر کا ٹکڑا تھا، مجھے اسکی شہادت پر بہت خوشی اور فخر ہے۔
Honoring Our Heroes: Today, we salute the #martyrs of #Pakistan, including the brave Sepoy Muhammad Ahad Zafar.
— SAMAA TV (@SAMAATV) January 29, 2024
"My brother gave up his life in defense of our nation." (Brother, Sepoy Mohammad Ahad Zafar Shaheed)#SamaaTV pic.twitter.com/twLMa2BYt4
سپاہی محمد احد ظفر شہید کے بھائی نے کہا کہ مجھے اپنے بھائی کی شہادت پر فخر ہے، میرے بھائی نے وطن کی حفاظت کے لئے اپنی جان قربان کی، میرے بھائی کی ہمیشہ سے شہادت کی خواہش تھی، اللہ پاک نے اس کی دعا کو شرف قبولیت بخشا۔ اللہ میرے بھائی کی شہادت قبول فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔