انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سری لنکا کرکٹ کی معطلی ختم کرتے ہوئے رکنیت بحال کر دی۔
عالمی خبررساں ادارے کے مطابق سری لنکا کرکٹ بورڈ کی معطلی کے بعد آئی سی سی مسلسل اس کے معاملات کی نگرانی کر رہا ہے، سری لنکن کرکٹ بورڈ نے اپنے معاملات خودمختار طریقے سے چلانے اور دوبارہ حکومتی مداخلت نہ ہونے کی یقین دہانی کروائی ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گورننگ باڈی اس بات پر مطمئن ہے کہ سری لنکا کرکٹ بورڈ مزید رکنیت کے قواعدوضوابط کی خلاف ورزی نہیں کر رہا جس کی وجہ سے سری لنکا کرکٹ بورڈکی معطلی ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ آئی سی سی نے گزشتہ سال نومبر میں سری لنکا کرکٹ میں حکومتی مداخلت پر بطور ممبر آئی سی سی قوانین کی خلاف ورزی پر سری لنکا کرکٹ کو معطل کردیا تھا۔ سری لنکا کرکٹ بورڈ نے 21جنوری کو معطلی کے خلاف آئی سی سی کو درخواست دی تھی۔