آئی پی پی کے صدر عبدالعلیم خان نے لاہور میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے 50 کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دلوائے، وعدہ کررہا ہوں موقع ملا تو دیگر کچی آبادیوں کو بھی مالکانہ حقوق دیں گے، آپ نے خود ووٹ کا پہرا دینا ہے، 8 فروری کو شیر اور عقاب پر مہر لگانی ہے۔
استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے لاہور میں آج انتہائی مصروف دن گزارا، مختلف علاقوں میں ریلیوں کی قیادت کی اور انتخابی جلسوں سے خطاب کیا۔
عبدالعلیم خان نے سگنل ورکشاپ پر جلسے سے خطاب میں کہا کہ پوچھنا چاہتا ہوں کیا علیم خان نے آپ کی خدمت میں کوئی کمی چھوڑی؟، اب آپ کا کام ہے کہ 8 فروری کو ایک ووٹ بھی دوسری طرف نہ نکلے، کیا کبھی میں نے آپ کے ساتھ دھوکا کیا، پھر میرے ساتھ بھی دھوکا نہیں ہونا چاہئے، آپ نے خود ووٹ کا پہرا دینا ہے، 8 فروری کو شیر اور عقاب پر مہر لگانی ہے۔
صدر استحکام پاکستان پارٹی نے مزید کہا کہ ہم نے اس علاقے میں ہر گھر کا سروے کروایا ہے، جہاں کوئی مستحق نظر آیا اس کی سیاست سے بالاتر ہوکر مدد کی، اس علاقے میں ڈسپینسری بنی ہے، واٹر فلٹریشن پلانٹس لگوائے ہیں، بے روزگاروں کیلئے ایک پروگرام شروع کیا ہے، نوجوانوں کو اس کے ذریعے خود مختار بنائیں گے، جن کے پاس ہنر نہیں انہیں ہنر مند بنائیں گے۔
پی پی 149 کی کچی آبادی محمود آباد میں جلسے سے خطاب میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ اللہ نے موقع دیا تو اس علاقے کے مسائل حل کریں گے، فلٹریشن پلانٹ ٹھیک کرائیں گے، اگلے ماہ ڈسپنسری بھی قائم ہوجائے گی۔
ان کا عوام سے کہنا تھا کہ 8 تاریخ کو سب نے ووٹ دینے کیلئے نکلنا ہے، 8 فروری کو شیر اور عقاب کے نشان کو ووٹ دینا ہے، اس علاقے کے مسائل حل کرنا میری ذمہ داری ہے۔
آئی پی پی صدر نے کہا کہ میں نے 50 کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دلوائے، اللہ نے موقع دیا تو کوشش کرونگا کہ آپ کے مسائل بھی حل کروں، مقامی ناظم کے ساتھ مل کر یہاں کی سڑک بھی تعمیر کروائیں گے۔
عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ 8 فروری کو پنجاب اسمبلی کیلئے میرے نشان عقاب پر مہر لگائیں، قومی اسمبلی کیلئے حمزہ شہباز کے نشان شیر پر مہر لگائیں، وعدہ کررہا ہوں موقع ملا تو اس علاقے کی کچی آبادی کو بھی مالکانہ حقوق دینگے۔