پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایک بار پھر نواز شریف کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ جو سمجھ رہے ہیں کہ وہ چوتھی بار وزیراعظم بننے جارہے ہیں، وہ سخت غلط فہمی میں ہیں، طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، چوتھی بار وزیراعظم بننے کی سازش ناکام بنائیں گے۔
راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اسی شہر میں موجود ہوں جہاں ذوالفقار علی بھٹو کو شہید کیا گیا، میں اسی جگہ کھڑا ہوں جہاں شہید بینظیر بھٹو نے آخری تقریر کی تھی، ہمارا ملک خطرے میں ہے، ایک طرف معاشی بحران ہے، دوسری طرف جمہوری بحران ہے، دہشت گردوں کو شکست دی تھی، وہ ایک بار پھر سر اٹھا رہے ہیں، ملک کو پیپلزپارٹی ہی بچا سکتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ایک جماعت نے چارٹر آف ڈیموکریسی کو بھلا کر پرانی سیاست شروع کر دی، نواز لیگ کے نظریاتی لوگوں کو سمجھائیں یہ ووٹ کی عزت نہیں بے عزتی کر رہے ہیں، ووٹ ضائع نہ کریں، تیر پر مہر لگائیں، تیر ہی شیر کا مقابلہ کرسکتا ہے۔
راولپنڈی کے غیور عوام نے عوامی معاشی معاہدے کے حق میں اپنا فیصلہ سنا دیا، آئیں پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے سفر میں ہمارا ساتھ دیں۔@BBhuttoZardari #چنو_نئی_سوچ_کو #RawalpindiWithBilawal pic.twitter.com/dmCXCbgtel
— PPP (@MediaCellPPP) January 28, 2024
چیئرمین پی پی پی بولے کہ ہم نے عوامی معاشی معاہدہ پیش کیا ہے، ہمارا معاشی معاہدہ روٹی، کپڑا، مکان دلوائے گا، ہمارا 10 نکاتی عوامی معاشی معاہدہ غربت اور مہنگائی کا مقابلہ کریگا، پیپلز پارٹی تقسیم کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کرے گی، پی پی واحد جماعت ہے جو سب کو ساتھ لیکر چل سکتی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نفرت اور تقسیم کی سیاست کی وجہ سے بحران پیدا ہوا ہے، ملک کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں کو منہ توڑ جواب دیں گے، ایک جماعت نے پرانی سیاست شروع کی ہے جس سے اس نے توبہ کی تھی، ماضی میں روایت رہی ہے مقابلہ کرنے کے بجائے بہانے بناتے ہیں، گڈ اور بیڈ طالبان نہیں ہوگا، تمام دہشتگردوں کا مقابلہ کریں گے۔
چیئرمین پی پی پی کا کہنا ہے کہ آپ نے سوچ سمجھ کر ووٹ کا ہتھیار استعمال کرنا ہے، سوچ سمجھ کر ووٹ ڈالتے ہیں تو غیر جمہوری سازش ناکام بناسکتے ہیں، اس وقت جذباتی ہونے کی نہیں ہوشیار ہونے کی ضرورت ہے، عوام ووٹ ضائع نہ کریں، تیر پر ووٹ لگا کر سازش کو ناکام بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے جذباتی کارکن کو سمجھائیں جدوجہد سے 3 نسلوں سے لڑتے آرہے ہیں، اس الیکشن میں اب بانی پی ٹی آئی نہیں رہا، پی ٹی آئی کے تمام عہدیدار پلانٹڈ ہیں، آپ کو نشان نہ ملنا آپ کی غلطی ہے، اب اس الیکشن میں بانی پی ٹی آئی کسی صورت وزیراعظم نہیں بن سکتے۔
بلاول بھٹو نے نواز شریف پر وار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی اکثریت کسی کو چوتھی بار وزیراعظم بنتا نہیں دیکھنا چاہتی، اگر یہ چوتھی بار وزیراعظم بنا تو ملک میں بہتری نہیں آئے گی، ہم تمام وعدوں پر عمل کرکے ملک کو نئی سمت میں لے جائیں گے۔