پاکستان تحریک انصاف نے کراچی کے علاقے کلفٹن تین تلوار پر بغیر اجازت ریلی نکالی، جس پر پولیس کی جانب سے کارروائی کرکے درجنوں کارکنان کو حراست میں لے لیا گیا، پی ٹی آئی کارکنوں کے پتھراؤں سے ایس ایچ او کلفٹن سمیت متعدد اہلکار زخمی ہوگئے۔
پاکستان تحریک انصاف نے کلفٹن تین تلوار پر بغیر اجازت ریلی نکالی، جس میں خواتین سمیت کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی، کارکنان نے پارٹی جھنڈے اور بینرز اٹھارکھے تھے اور حکومت کیخلاف نعرے لگارہے تھے۔
پولیس کی جانب سے بلا اجازت ریلی نکالنے سے روکنے پر پی ٹی آئی کارکنان مشتعل ہوگئے، پولیس پر پتھراؤ کیا، علاقہ میدان جنگ بن گیا، پولیس نے 25 سے زائد کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔
پی ٹی آئی کارکنان کے پتھراؤ اور تشدد سے ایس ایچ او کلفٹن سمیت متعدد اہلکار زخمی ہوگئے، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کارکنان نے اپنا غصہ میڈیا ورکرز پر بھی نکالا، پتھراؤ سے نجی ٹی کا کیمرہ مین بھی زخمی ہوگیا، جبکہ پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے میڈیا کے کیمروں پر انڈے بھی برسائے گئے۔
پی ٹی آئی کے مشتعل کارکنان کو منتشر کرنے کیلئے تین تلوار پر پولیس کی جانب سے ہوائی فائرنگ اور شیلنگ کی گئی جبکہ لاٹھی چارج بھی کیا گیا، جس کے بعد تحریک انصاف کے کارکنان منتشر ہوگئے۔
پی ٹی آئی کی ریلی کے دوران تین تلوار روڈ مکمل بند رہا، ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی اور شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔