چیف جسٹس اور ریاستی اداروں کے خلاف غلط معلومات کی تشہیر کے معاملے میں جاری تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
اداروں اورعدلیہ کے خلاف مہم چلانے والون کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ایجسنی (ایف آئی اے) نے باضابطہ طور پر 115 انکوائریاں رجسٹر کرلیں۔ ایف آئی اے نے غلط معلومات پھیلانے والے 65 افراد کو نوٹس بھی بھیج دئیے، جن میں میڈیا اور سوشل میڈیا سے وابستہ 47 افراد بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر عدلیہ کو بدنام کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ 18 جنوری کو عدلیہ مخالف مہم کے معاملے پر مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوا تھا، جس میں حساس اداروں کے افسران نے پلان آف ایکشن پیش کر دیا۔ اگلے مرحلے میں عدلیہ مخالف مواد پھیلانے والوں کی گرفتاریاں متوقع ہے۔
یاد رہے کہ 16 جنوری کو عدلیہ مخالف مہم کے خلاف جے آئی ٹی بنائی گئی تھی، اس کا مقصد ججز کے خلاف سوشل میڈیا پر جاری مذموم مہم میں ملوث ذمہ داران کا تعین کرنا اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے تجاویز بھی مرتب کرنا ہے۔