انسداد دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ ( سی ٹی ڈی ) بلوچستان نے کوئٹہ میں پولیس موبائل پر دستی بم پھینکنے میں ملوث عبدالہادی نامی افغان شہری کو گرفتار کر لیا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق بلوچستان میں ایک بڑی کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی سے وابستہ افغانستان کے شہری کو گرفتار کر لیا ہے جس کے قبضے سے پستول اور دستی بم بھی برآمد کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزم 26 دسمبر 2023 کو کوئٹہ کے علاقے پشتونستان چوک پر پولیس گاڑی پر حملے میں ملوث تھا۔
حکام کی جانب سے دستی بم حملے میں ملوث ملزم کا اعترافی بیان بھی جاری کر دیا گیا ہے جس میں ملزم نے بتایا کہ میں افغانستان کے علاقے زابل کا رہائشی ہوں ، دینی تعلیم ہولدک افغانستان سے حاصل کی ، حماد نامی لڑکے نے بھی میرے ساتھ تعلیم حاصل کی، حماد نے مجھے ٹی ٹی پی کمانڈر سے ملوایا جو افغانستان میں رہائش پزیر تھا۔
ملزم کے مطابق کمانڈر نے ہمیں پاکستان جانے اور پاک فوج کے خلاف جہاد کی ہدایت دی اور پاکستان آنے کے بعد میر احمد کی مسجد میں قیام کیا، حماد نے مجھے دو پستول اور تین دستی بم دئیے، دو روز بعد موٹر سائیکل پر گلباران چوک چلے گئے جہاں بائی پاس جانے والی سڑک کے قریب حماد موٹر سائیکل سے اتر گیا۔
پولیس کی گاڑی آتے ہی حماد نے دستی بم پھینک دیا اور اس واقعہ کے بعد ہم واپس مسجد آگئے جبکہ اگلے روز حماد واپس افغانستان چلا گیا۔
ملزم نے بتایا کہ حذیفہ نامی شخص نے موبائل خریدنے کے لیے 15 ہزار روپے بھجوائے، حماد کے جانے کے بعد ایک اور شخص آگیا جس کے ساتھ مل کر مزید کاروائیاں کرنی تھی۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار ملزم عبدالہادی سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہے۔