سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ میری پارٹی سے کوئی ناراضگی نہیں مگر اس سیاست سے اتفاق نہیں کرتا جہاں آج مسلم لیگ ن کھڑی ہے۔
اینٹی کرپشن آفس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ میری پارٹی سے کوئی ناراضگی نہیں، ٹکٹ کے لیے اپلائی نہیں کیا، میں نے مسلم لیگ ن کے خلاف کوئی الیکشن نہیں لڑا، نواز شریف نے وطن واپس آکر مجھ سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔
شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ لوگوں کو کبھی پولیس،کبھی نیب اور کبھی اینٹی کرپشن بلارہی ہے، الیکشن کے عمل کو غیر متنازع بنائیں اور شفاف الیکشن کرائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے الیکشن چھوڑا ہے سیاست نہیں چھوڑی، یہ بے مقصد الیکشن بن چکا،ملک کو انشار کے سوا کچھ نہیں دے گا، سیاستدان، جوڈیشری اور اسٹیبلشمنٹ ملکر ملک آگے لے جانے کا طریقہ طے کریں۔ سب کو اپنی ناک سے آگے بھی دیکھنا ہوگا۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ کوئی سیاسی لیڈر شپ نظر نہیں آرہی جو ملک کو چلا سکے، وثوق سے کہتا ہوں کسی کے پاس ملک کے مسائل کا کوئی حل نہیں، جب تک سب اکھٹے نہیں بیٹھیں گے مسائل کا حل نہیں نکل سکتا۔ حکومت چاہے 5سال رہے یا 50سال، ڈیلیور کوئی نہیں کرسکتا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ الیکشن آئینی فریضہ ہے،اس کا انعقاد حاکم وقت کی ذمہ داری ہے، ہمیں الیکشن کی پروا نہیں ہوگی تو ملک ترقی نہیں کرے گا، عوام اس الیکشن کے عمل سے مطمئن نہیں۔