سینٹ کی سب کمیٹی اوورسیز پاکستانیز میں وزارت داخلہ نے انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ 4 سال میں 44 ہزار افراد کو بیرون جاتے ہوئے آف لوڈ کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق ای سی ایل میں نام، منشیات سمیت مختلف جرائم اور بیرون ملک گداگری میں ملوث اور ادھوری دستاویزات پر ان افراد کو آف لوڈ کیا گیا۔
سینیٹ کی ذیلی کمیٹی برائے اوورسیز پاکستانیز میں بیرون ملک پاکستانیوں کے بھیک مانگنے کا معاملہ پھر اٹھ گیا۔ وزارت داخلہ کے حکام نے بتایا کہ 2021ء سے اب تک 44 ہزار افراد کو طیاروں سے آف لوڈ کیا گیا، منشیات اور دیگر جرائم، دستاویزات کی کمی اور بھیک مانگنے کی شکایات پر کارروائیا کی گئیں، آف لوڈ ہونیوالے ہزاروں افراد کے کیسز پراسیس میں ہیں۔
کنوینر کمیٹی کا کہنا تھا کہ لوگ عمرہ ویزا پر جاکر بھیک مانگتے ہیں، انہیں غیرقانونی طور پر لے کر جایا جاتا ہے۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ قطر نے ویزہ آن ارائیول کا معاملہ بھی اسی وجہ سے لٹکا رکھا ہے۔
سب کمیٹی نے سفارش کی کہ ملک بھر میں تکنیکی کورسز کی راہ ہموار کی جائے، آئی ٹی، سب انجینئرنگ، ہیلتھ کیئر سمیت افرادی قوت کیلئے شارٹ کورسز کے ادارے بنائے جائیں۔
سینیٹ کی ذیلی کمیٹی نے معاون خصوصی کے دورۂ سعودی عرب کے دوران نئی جابز کے مواقع کے بارے میں رپورٹ بھی مانگ لی۔