سندھ ہائیکورٹ نے الیکشن تک انٹرنیٹ سروس بلاتعطل فراہم کرنے کا حکم دیدیا ہے۔
چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ عقیل احمد عباسی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے ایڈووکیٹ جبران ناصر کی انٹرنیٹ کی بار بار بندش سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔
سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 110 سے امیدوار سماجی رہنماء اور وکیل جبران ناصر نے انٹرنیٹ سروس کی بار بار بندش اور تعطل پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور دیگر اداروں کیخلاف سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا، عدالت نے درخواست کی فوری سماعت کی استدعا منظور کرلی۔
جبران ناصر نے عدالت کو بتایا کہ 17 دسمبر، 7 اور 20 جنوری کو ملک بھر میں انٹرنیٹ کی سروس اور سوشل میڈیا تک رسائی معطل رہی، مسلسل کئی روز سے ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس تعطل کا شکار ہے۔
انہوں نے درخواست میں مؤقف اپنایا کہ انٹرنیٹ سروس کی بلاجواز بندش سے امیدواروں کیلئے انتخابی مہم چلانا مشکل ہوگیا ہے، درخواست میں وزارت داخلہ، وزارت آئی ٹی و مواصلات اور پی ٹی اے کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ فریقین کو ہدایت کی جائے کہ عام انتخابات تک شہریوں کو سوشل میڈیا تک رسائی میں مداخلت نہ کریں۔ عدالت عالیہ نے فریقین سے 29 جنوری کو جواب طلب کرلیا۔