گزشتہ روز پاکستان کے سابق آل راونڈر شعیب ملک نے ادکارہ ثناء جاوید کے ساتھ دوسری شادی کااعلان کرکے مداحوں اور شائقین کرکٹ کو شدید حیرت میں مبتلا کر دیا تاہم اب شعیب ملک کی نئی دلہن ثناء جاوید اور سابق اہلیہ ثانیہ مرزا کے بارے میں انتہائی دلچسپ معلومات سامنے آ گئیں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ثناء جاوید اپنے شوہر شعیب ملک سے تقریبا 11 سال چھوٹی ہیں، اداکارہ کی پیدائش 25 مارچ 1993 کو ہوئی جس کا مطلب وہ اب 30 سال کی ہیں جبکہ شعیب ملک ان سے 11 سال بڑے ہیں ،پاکستانی سابق آل راونڈر یکم فروری 1982 کو پیدا ہوائے ۔ یہاں آپ کو بتاتے چلیں کہ ثانیہ مرزا کی عمر 37 سال ہے اور وہ اپنے سابق شوہر سے 4 سال چھوٹی تھیں۔
شعیب ملک کی دوسری اہلیہ ثناء جاوید سعودی عرب کے شہر جدہ میں پیدا ہوئیں لیکن ان کے آباو اجداد کا تعلق بھارت کے شہر " حیدرآباد دکن " سے ہے ، آپ کو جان کر حیرت ہو گی کہ شعیب ملک کی پہلی اہلیہ ثانیہ مرزا کا تعلق بھی بھارت کے شہر حیدرآباد سے ہی ہے ۔
ثانیہ مرزا کی پیدائش 15 نومبر 1986 میں ممبئی میں ہوئی ان کے والد سپورٹس جرنلٹس ہیں جبکہ والدہ نسیمہ پرنٹنگ کے کاروبار سے وابستہ ہیں، ثانیہ کی پیدائش کے بعد ان کی فیملی واپس اپنے آبائی شہر حیدرآباد منتقل ہوئی جہاں ان کی چھوٹی بہن 'انعم ' کی بھی پیدائش ہوئی اور دونوں بہنیں وہیں پروان چڑھیں۔شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی شادی 2010 میں حیدرآباد میں ہوئی جبکہ ان کی ولیمہ کی تقریب سیالکوٹ میں ہوئی جس میں پاکستان کی نامور شخصیات نے شرکت کی ۔
ثناء جاوید نے شوبز میں 2012 میں مشہور ڈرامے ' شہر ذات ' سے قدم رکھا ، جس کے بعد وہ متعدد ڈرامہ سیریلز میں دکھائی دیتی رہیں۔ ان کی شہرت کو چار چاند فیروز خان کے ساتھ کیئے گئے ڈرامے ' خانی' سے لگے ، لیکن اس سے قبل ہی انہوں نے انڈسٹری میں اپنی موجودگی کا احساس مشہور ڈرامے ' ذرا یاد کر ' سے کروا دیا تھا جو کہ مداحوں کے ذہنوں میں آج بھی نقش ہے ۔
ثناء جاوید نے جدہ میں پاکستان انٹر نیشنل سکول میں اپنی ابتدائی تعلیم حاصل کی اور اس کے بعد وہ فیملی کے ہمراہ کراچی منتقل ہو گئیں، یونیورسٹی آف کراچی سے انہوں نے اپنی گریجوایشن مکمل کی ۔
اداکارہ نے اپنے کیریئر کے عروج پر کوک سٹوڈیو سے شہرت حاصل کرنے والے گلوکار عمیر جیسوال کے ساتھ 2020 میں ایک نجی تقریب کے دوران شادی کی لیکن ان کی شادی زیادہ دیر چل نہیں پائی، عمیر جیسوال اور اداکارہ کے درمیان گزشتہ سال نومبر کے آخر میں علیحدگی ہوئی ۔