جاپان چاند پر پہنچنے والا دنیا کا پانچواں ملک بن گیا۔ چاند پر اترتے ہی جاپان روس امریکا، چین اور ہندوستان پر مشتمل کلب میں شامل ہوگیا۔
جاپان تاریخ میں چاند پر پہنچنے والا پانچواں ملک اس وقت بن گیا جب جب اس کے ایک خلائی جہاز نے بغیر کسی خلا باز کے چاند کی سطح پر ہفتے کی صبح کامیابی کے ساتھ لینڈنگ کی۔
جاپان کا خلائی جہاز ہفتے کی صبح چاند کی سطح پر پہنچا لیکن فوری طور پر یہ بتانا مشکل تھا کہ لینڈنگ کامیاب رہی کہ نہیں کیونکہ جاپانی خلائی ایجنسی کا کہنا ہے کہ وہ اپنی قابلیت جانچ رہی ہے۔ اور مزید معلومات ایک نیوز کانفرنس میں دی جائے گی۔
جاپان ایرو اسپیس ایکسپلوریشن ایجنسی کے مشن کنٹرول نے خلائی جہاز لینڈ ہوتے ہی کہا کہ سب کچھ منصوبہ بندی کے مطابق ہوا ہے۔
جاپان نے چاند کی سطح پر اپنی چاند گاڑی ’مون اسنائپر‘ ستمبر 2023 میں روانہ کیا تھا، یہ مشن چاند کے مدار میں کامیابی سے داخل ہونے کے بعد ایک ماہ تک چاند کے مدار میں چکر لگاتا رہا، تاہم اب گزشتہ روز اس خلائی جہاز نے چاند پر لینڈنگ کردی ہے۔
جاپان ایرو اسپیس ایکسپلوریشن ایجنسی کا کہنا ہے کہ خلائی گاڑی کے چاند پر لینڈنگ کے بعد زمین کے ساتھ دوبارہ رابطہ قائم ہوا لیکن اس کے سولر پینل بجلی پیدا کرنے کے قابل نہیں تھے ممکنہ طور پر اس کی وجہ یہ ہے کہ اس کے اینگل درست سمت میں نہیں ہیں۔
رپورٹ کے مطابق خلائی جہاز کے چاند پر لینڈنگ کے بعد اس کے شمسی توانائی کے نظام میں مسائل کا سامنا ہے جس کا مطلب ہے کہ یہ مشن صرف چند گھنٹے تک کام کرسکتا ہے۔