لاہور سمیت پنجاب میں نمونیہ کے مریضوں میں اضافہ ہونے لگا، 24 گھنٹوں میں مزید 9 بچوں کی اموات رپورٹ ہوئیں، گزشتہ روز بھی 6 بچے زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ نومولود دودھ پینا چھوڑے یا نڈھال ہو تو فوری اسپتال کا رخ کیا جائے۔
سخت سردی بیماریاں بڑھانے لگی، 24 گھںٹے کے دوران پنجاب میں 9 بچے نمونیہ سے دم توڑ گئے، 2 اموات لاہور سے رپورٹ ہوئیں۔
محکمہ صحت پنجاب کے مطابق جنوری میں نمونیہ سے مجموعی طور پر 135 بچوں کا انتقال ہوچکا ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ سردی کے باعث نمونیہ سمیت چھاتی اور وائرل انفیکشن بڑھ رہے ہیں، ماں کا دودھ پلانے کے رجحان میں کمی سے بچوں کی قوت مدافعت متاثر ہوئی ہے۔
ایک روز کے دوران نمونیہ کے مزید 180 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 55 کا تعلق لاہور سے ہے۔