پاکستان کو رواں مالی سال جولائی تا دسمبر 2023ء مجموعی طور پر 5.96 ارب ڈالر کی مالی معاونت ملی، سب سے زیادہ ورلڈ بینک نے ایک ارب ڈالر سے زائد دیئے، رواں مالی سال 17 ارب 61 کروڑ ڈالر کی مجموعی بیرونی فنڈنگ کا تخمینہ ہے۔
رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں بیرونی مالی معاونت کی تفصیلات جاری کردی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق جولائی تا دسمبر پاکستان کو 5 ارب 96 کروڑ ڈالر کی بیرونی فنڈنگ ملی، آئی ایم ایف سے ملنے والا 1.9 ارب ڈالر کا قرضہ اس کے علاوہ ہے، مختلف عالمی اداروں سے 2 ارب 24 کروڑ ڈالر کی فنڈنگ ہوئی۔
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ 6 ماہ میں مختلف دوست ممالک سے 72 کروڑ 31 لاکھ ڈالر ملے، دوست ممالک کی طرف سے 2 ارب ڈالر کے ٹائم ڈپازٹ بھی حاصل ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق عالمی بینک نے سب سے زیادہ ایک ارب ڈالر سے زائد قرض فراہم کیا، اے ڈی بی نے 59 کروڑ ڈالر اور ایشین انفرااسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک نے 29 کروڑ ڈالر دیئے، اسلامی ترقیاتی بینک سے 16 کروڑ ڈالر کا قرض ملا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب نے 59 کروڑ ڈالر کی آئل سہولت فراہم کیں جبکہ رواں مالی سال 17 ارب 61 کروڑ ڈالر کی مجموعی بیرونی فنڈنگ کا تخمینہ ہے۔