جامعہ کراچی میں دو طلبہ تنظیموں میں تصادم کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ یونیورسٹی میں چند روز کے دوران دونوں جماعتوں کے کارکنوں میں تیسری بار تصادم ہوا۔
کراچی یونیورسٹی میں دو طلبہ تنظیموں کے کارکن آپس میں لڑ پڑے، پتھروں اور ڈنڈوں کا استعمال کیا جس سے کم از کم 4 طلبہ زخمی ہوگئے، جنہیں پہلے جامعہ کے کلینک اور بعد ازاں اوجھا یونیورسٹی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق کراچی یونیورسٹی میں دو طلبہ تنظیموں کے درمیان چند روز کے دوران تیسری بار تصادم ہوا، صبح سے ہی جامعہ میں حالات کشیدہ تھے، یونیورسٹی میں بیرونی گاڑیوں اور غیر متعلقہ افراد کا داخلہ بند تھا، سیکیورٹی سخت ہونے کے باوجود طلبہ میں تصادم ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق جامعہ کراچی کے ایڈمن بلاک کے سامنے طلبہ میں تصادم ہوا، جس کے بعد رینجرز کی بھاری نفری پہنچ گئیں۔
رپورٹ کے مطابق پولیس نے تصادم میں ملوث 12 طلبہ کو حراست میں لے لیا، جنہیں مبینہ ٹاؤن تھانے منتقل کردیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق دو روز قبل بھی لائبریری میں جھگڑے میں 4 طلبہ زخمی ہوئے تھے، رواں ماہ جامعہ کراچی کی دونوں طلبہ تنظیموں کے درمیان یہ تیسری بار تصادم ہوا، دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے حملے میں پہل کرنے کا الزام ایک دوسرے پر لگایا ہے۔