آزاد پارلیمانی گروپ کے سربراہ سینیٹر دلاور خان نے مطالبہ کیا ہے کہ 8 فروری کو شیڈول انتخابات کا التوا یقینی بنایا جائے۔
سینیٹر دلاور خان نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے لکھا کہ سینیٹ نے 5 جنوری کو الیکشن ملتوی کرانے کی قرارداد پاس کی تھی، الیکشن کمیشن کا انتخابات ملتوی کرانے کیلئے تاحال کوئی قدم نہ اٹھانا پریشان کن ہے۔
لازمی پڑھیں۔ سینیٹ میں عام انتخابات 2024ء ملتوی کرنے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور
خط میں لکھا گیا کہ قرارداد میں بیان کیے گئے تحفظات پر توجہ دینی چاہیے تھی، مسائل حل کئے بغیر صاف شفاف انتخابات کے انعقاد پر سمجھوتہ نظر آرہا ہے۔
خط میں مزید لکھا کہ ایوان کے کسٹوڈین کے طور پر میری قرارداد پر عملدرآمد کی صورت حال معلوم کریں اور یقینی بنایا جائے کہ 8 فروری کے انتخابات ملتوی کیے جائیں۔
لازمی پڑھیں۔ عام انتخابات 2024 کے التوا سے متعلق ایک اور قرارداد سینیٹ میں جمع
یاد رہے کہ 5 جنوری کو سینیٹ کی جانب سے ملک میں عام انتخابات 2024ء ملتوی کرنے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی تھی جس پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے دستخط بھی کر دیئے تھے اور سینیٹ سیکریٹریٹ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا تھا۔
لازمی پڑھیں۔ عام انتخابات 2024 کے التواء سے متعلق تیسری قرارداد سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع
خیال رہے کہ الیکشن کے التوا سے متعلق قرارداد سینیٹر دلاور خان نے ہی جمع کرائی تھی۔