جنوبی افریقہ نے آل راؤنڈر جوان جیمز کو آئی سی سی انڈر 19 مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2024 کے لیے کپتان نامزد کر دیا ۔
رپورٹ کے مطابق 19 سالہ آل راؤنڈر جیمز دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرتے ہیں اور آف بریک اسپن بولنگ کرتے ہیں، انہوں نے ستمبر 2022 میں ڈیبیو کرنے کے بعد سے جنوبی افریقہ کے ڈومیسٹک سرکٹ میں باقاعدگی سے شرکت کی ہے۔
جیمز نے جولائی 2023 میں بنگلہ دیش کے دورے کے دوران جنوبی افریقہ انڈر 19 کی نمائندگی کی اور 28.8 کی اوسط سے پانچ وکٹیں حاصل کیں جبکہ 75 رنز بھی بنائے۔
یہ بھی پڑھیں۔ اسرائیل کی حمایت میں ٹوئٹ کرنے پرجنوبی افریقہ کے کپتان برطرف
جیمز کی تقرری اس وقت ہوئی جب بورڈ نے ڈیوڈ ٹیگر کو اسرائیل کی حمایت میں ٹوئٹ کرنے کے بعد کپتانی سے فارغ کیا۔
خیال رہے کہ انڈر 19 ورلڈ کپ کا 15 واں ایڈیشن 19 جنوری سے شروع ہوگا جبکہ پروٹیز کو گروپ بی میں انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور سکاٹ لینڈ کے ساتھ رکھا گیا ہے۔