چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ 3 بار کے وزیراعظم کو چوتھی بار وزیراعظم مسلط کرنے کی کوشش ہورہی ہے، پاکستان کے عوام یہ فیصلہ نہیں مانتے۔
نصیرآباد میں انتخابی جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 3 بار بار ناکام شخص کوچوتھی بارکیوں مان لیں؟ بلوچستان اور پاکستان کے عوام اس شخص کو نمائندہ نہیں مانتے۔
بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ طاقت کاسرچشمہ عوام ہیں،انہی کی طرف دیکھ رہے ہیں، پاکستان کے عوام پر بھروسہ اور اعتماد کرتاہوں، کہا کہ یہ کیسے شیرہیں جو اپنے گھر میں چھپتے ہیں؟ یہ بزدلوں کا کردار ہوتا ہے، یہ تو باہر عوام میں نکلنے سے ڈرتے ہیں، لاہور سے بھی الیکشن لڑ رہاہوں،ان کے گھرمیں گھس کرماروں گا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ہم غریب عوام کی خدمت کرنے کیلئے الیکشن لڑرہے ہیں، ہم پورے پاکستان کو اکٹھا کرکے آگے بڑھتے ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ اب تو2جماعتیں الیکشن لڑ رہی ہیں، ایک پیپلزپارٹی اور دوسری مسلم لیگ، عوام کو فیصلہ کرنا ہے پرانی سیاست چاہیے یانئی سوچ چاہئے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھوک مٹاؤ پروگرام یونین کونسل سطح سے شروع کریں گے، ہرضلع میں یوتھ سینٹر بنائیں گے، نوجوانوں کو سہولتیں دیں گے، غریب اوربے روزگار لوگوں کومالی مدد پہنچائیں گے، یوتھ کارڈ سے نوجوانوں کو مالی مدد پہنچائیں گے، ملک بھر کے مزدوروں کیلئے بینظیر مزدور کارڈ لے کرآئیں گے، کسان کارڈ کے ذریعے زرعی انقلاب لے کرآئیں گے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مفت تعلیم اور صحت کے ادارے چاروں صوبوں میں بناؤں گا، غریب عوام کو300 یونٹ مفت بجلی دلواؤں گا، مہنگائی، غربت، بے روزگاری کا مقابلہ کروں گا، وعدہ کرتا ہوں تمام 10 نکات پر عملدرآمد کروں گا۔ عوام شہیدوں کی جماعت کا ساتھ دیں اور تیر پرٹھپہ لگائیں۔