پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن 2024 کےلیے انتخابی نشان کا معاملہ تاحال واضح نہ ہونے پر پلان بی پر عملدرآمد شروع کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی امیدواروں نے پی ٹی آئی (نظریاتی) کے انتخابی نشان پر ٹکٹ آر آو دفتر میں جمع کردیے۔ لوئر دیر میں پی ٹی آئی امیدواروں نے پی ٹی آئی نظریاتی کے انتخابی نشان پر ٹکٹ آر آو دفتر میں جمع کروادیئے۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی نظریاتی کے چیئرمین اختر اقبال ڈار ہیں جبکہ پی ٹی آئی نظریاتی کا انتخابی نشان بیٹسمین ہے۔
اس سے قبل تحریک انصاف نے اپنے امیدواروں کوتحریک انصاف نظریاتی کے نام سے ٹکٹ جاری کردیں۔ ٹکٹ ہولڈرزکوٹکٹ جمع نا ہونے کی صورت میں شکایات درج کرانے کی ہدایات بھی دے دیں۔انتخابی نشان بلا نا ملنے پرجوابی حکمت عملی میں بلے بازکا نشان مانگا جائے گا۔
تحریک انصاف نےاپنے امیدواروں کوتحریک انصاف نظریاتی کے نام سے ٹکٹیں جمع کرانے کی ہدایات جاری کردیں۔ نئی حکمت عملی کےتحت انتخابی نشان بلا نا ملنے کی صورت میں بلے بازکےانتخابی نشان سے الیکشن میں حصہ لیا جائے گا۔
تحریک انصاف کی جانب سے اپنے امیدواروں کوجاری کی گئیں ہدایات میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈرز اپنے ٹکٹ ریٹرننگ افسران کے دفترمیں جمع کرائیں اور اس کی رسید لیں۔
ہدایات میں کہا گیا ہے کہ اگرٹکٹ جمع کرنے میں پولیس یا ریٹرننگ افسر رکاوٹ ڈالتے ہیں تو فوری طور پرشکایات درج کرائیں ٹکٹ نا لینے کی شکایت ڈسٹرکٹ، صوبائی اورسنٹرل الیکشن کمیشن کو ای میل بھِی کریں۔ ہدایات کےمطابق تحریری شکایت ضلعی اور صوبائی الیکشن کمشنرکو بھی جمع کرائی جائے، ٹکٹ جمع نہ کرنے کی شکایت کی پولیس کوبھی درخواست دیں۔ شکایت کے بعد ہائی کورٹ میں پٹیشن اورسوشل میڈیا پربھی شیئرکریں۔ تمام ثبوت اوردرخواستیں پارٹی کو بھی بھیجیں۔